نیند کے دوران ہمارا دماغ خود کو صاف کرتا ہے جانیے کیسے؟
- 23, مئی , 2024
نیوز ٹوڈے : جب آپ نیند کے دوران خواب دیکھ رہے ہوتے ہیں تو ہمارا دماغ ایک اہم کام کر رہا ہوتا ہے۔ہماری نیند کے دوران دماغ فضلہ کو باہر نکالتا ہے۔
واشنگٹن یونیورسٹی کی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جاگنے کے اوقات میں ہمارا دماغ کچرا بھی پیدا کرتا ہے جو توانائی خرچ کرنے کے ساتھ ساتھ کھانے سے غذائی اجزاء بھی جذب کرتا ہے۔اس فضلے کو صاف کرنا دماغ کے گلیمفیٹک نظام کی ذمہ داری ہے، لیکن اب تک یہ واضح نہیں تھا کہ یہ نظام کیسے کام کرتا ہے۔
اس تحقیق میں چوہوں پر تجربات کیے گئے اور محققین نے نیند کے دوران برقی سگنلز کا مشاہدہ کیا جو اعصاب کے درمیان تعاون کی نشاندہی کرتے تھے۔یہ سگنل مخصوص ترتیب وار لہروں کی شکل میں کام کرتے ہیں جو دماغ سے فضلہ پر مبنی سیال خارج ہونے کا سبب بنتے ہیں۔
محققین کا کہنا تھا کہ ہمیں پہلے ہی معلوم تھا کہ نیند کے دوران ہمارا دماغ فضلہ اور زہریلے مادوں کو صاف کرنا شروع کر دیتا ہے، لیکن یہ معلوم نہیں تھا کہ ایسا کیسے ہوتا ہے۔تحقیق کے مطابق یہ عمل ہمارے دماغ کو منظم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
محققین نے کہا کہ اگر ہم یہ سمجھنے کے قابل ہیں کہ یہ سرگرمی کیسے شروع ہوتی ہے، تو اس سے دماغ کو نشانہ بنانے والی بیماریوں کے علاج میں مدد مل سکتی ہے۔عام طور پر ڈیمنشیا میں مبتلا افراد کے دماغ میں زہریلے مواد جمع ہونا شروع ہو جاتے ہیں جنہیں صحیح طریقے سے صاف نہیں کیا جا سکتا۔
محققین کے مطابق اگر ہم اس عمل کو دہرانے میں کامیاب ہو جائیں تو الزائمر اور پارکنسنز سمیت دیگر دماغی امراض سے بچا جا سکتا ہے۔
محققین اس سلسلے میں مزید تحقیق کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاکہ اس عمل کا مزید قریب سے مشاہدہ کیا جا سکے اور اس پر قابو پانے کے طریقے تلاش کرنے کی بھی کوشش کی جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ انسان کیوں سوتے ہیں، اس سوال کا مکمل جواب ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا تاہم یہ واضح ہے کہ ہم اس لیے سوتے ہیں تاکہ دماغ خود کو صاف کرسکے۔
تبصرے