اب ورلڈ کپ کا سفر ہمارے لیے بہت مشکل ہو گیا ہے، بابر اعظم
- 07, جون , 2024
نیوز ٹوڈے : قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ اب ورلڈ کپ تک کا سفر ہمارے لیے بہت مشکل ہو گیا ہے۔ڈیلاس میں سپر اوور میں امریکا کی شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ بیٹنگ میں ابتدائی 6 اوورز میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے، وکٹیں گرنے کے بعد واپس آئے لیکن پھر کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ پچ میں تھوڑی نمی تھی لیکن یہ کوئی بہانہ نہیں ہے کیونکہ ہم پیشہ ور کھلاڑی ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلے چھ اوورز میں وکٹیں نہیں لے سکے جس کی وجہ سے نقصان ہوا، ٹورنامنٹ ابھی باقی ہے، آئندہ میچز میں اچھی اوپننگ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اچھا نہیں کھیلا لیکن ہم ٹورنامنٹ میں واپسی کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں 5 رنز سے شکست دی تھی، قومی ٹیم نے 19 رنز کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز بنائے تھے۔اس سے قبل پاکستان نے مقررہ اوور میں 159 رنز بنائے اور امریکا کو 160 رنز کا ہدف دیا۔ امریکہ نے آخری گیند پر میچ برابر کر دیا۔
تبصرے