ایران میں آج ابتدائی صدارتی انتخابات ہوں گے
- 28, جون , 2024
نیوز ٹوڈے : ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کے بعد ایران میں آج ابتدائی صدارتی انتخابات ہوں گے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ابتدائی ایرانی صدارتی انتخابات میں 2 امیدواروں نے دوڑ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے جب کہ صدارتی انتخابات کے لیے 4 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
صدارت کے لیے سعید جلیلی، محمد باقر، مسعود پازشکیان اور مصطفی پور محمدی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔مستعفی ہونے والوں میں تہران کے میئر علی رضاکانی اور شہدا فاؤنڈیشن کے سربراہ امیر حسین غازی زادہ شامل ہیں۔ مقبولیت میں کمی کے باعث دونوں امیدوار دستبردار ہوگئے۔
واضح رہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کی حادثاتی موت کے باعث ایران میں قبل از وقت انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ صدر ابراہیم رئیسی اور 7 دیگر ایرانی حکام گزشتہ ماہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
ایران میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوگی، 61 ملین سے زائد افراد کو ووٹ ڈالنے کا اہل قرار دیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان دو روز میں کیا جائے گا۔ایرانی میڈیا نے بتایا کہ اگر کوئی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہیں کرسکا تو انتخابات کا دوسرا دور ہوگا۔
تبصرے