برطانیہ میں عام انتخابات کی تیاریاں مکمل، ووٹنگ آج ہو گی

برطانیہ میں عام انتخابات

نیوز ٹوڈے :   برطانیہ میں آج ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، عوام اپنے حکمرانوں کے انتخاب کے لیے آج ووٹ ڈالیں گے۔پارلیمنٹ کی 650 نشستوں کے لیے اپوزیشن لیبر پارٹی، حکمران کنزرویٹو پارٹی، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی، سکاٹش نیشنل پارٹی، ریفارمز اور دیگر سیاسی جماعتوں اور 4500 سے زائد آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

برٹش پاکستانی امیدوار بھی الیکشن میں میدان میں ہیں، گزشتہ انتخابات میں 15 برٹش پاکستانی الیکشن میں کامیاب ہو کر پارلیمنٹ کا حصہ بنے تھے۔کل 650 نشستوں میں سے 533 انگلینڈ، 59 سکاٹ لینڈ، 40 ویلز اور 18 شمالی آئرلینڈ سے ہیں۔

عام انتخابات کے لیے پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی جب کہ انتخابی نتائج کا اعلان 5 جولائی کو کیا جائے گا۔آج ہونے والی پولنگ کے لیے 40 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جب کہ 5 کروڑ کے قریب ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہوں گے۔

برطانیہ میں پہلی بار ووٹ ڈالنے کے لیے شناخت کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے، پریشان برطانوی عوام کو توقع ہے کہ آنے والی حکومت ان کے مسائل کا فوری اور دیرپا حل نکالے گی۔کسی بھی سیاسی جماعت یا جماعتوں کے اتحاد کو انتخابات کے بعد حکومت بنانے کے لیے کم از کم 326 نشستیں درکار ہوں گی۔

انتخابات کے بعد نومنتخب ارکان 9 جولائی کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں حلف اٹھائیں گے اور اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔یاد رہے کہ برطانیہ میں کنزرویٹو پارٹی کی حکومت کی مدت قانونی طور پر جنوری 2025 تک تھی تاہم 22 مئی کو برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+