ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ریسلر اور اداکار جان سینا

نیوز ٹوڈے :   پاکستان سمیت دنیا بھر میں مشہور ریسلر اور اداکار جان سینا نے ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (WWE) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔جان سینا نے یہ اعلان کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں منی ان دی بینک نامی ریسلنگ ایونٹ کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ 2025 میں ریسلنگ کی دنیا کو الوداع کہہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں کام کرتے ہوئے انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن لوگوں کی محبت نے انہیں آگے بڑھنے میں مدد دی۔47 سالہ جان سینا نے 2001 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں شمولیت اختیار کی تھی اور ان کا شمار اب تک کے عظیم ریسلرز میں ہوتا ہے۔اپنے کیریئر کے دوران وہ 16 مرتبہ عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب ہوئے جو کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسل مینیا 2025 ان کا بطور ریسلر آخری ایونٹ ہوگا۔اس موقع پر وہاں موجود لوگوں نے تھینک یو جان سینا کے نعرے لگائے جبکہ پہلوان نے جو ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھی اس پر لکھا تھا 'آخری وقت اب ہے'۔

جان سینا نے بطور اداکار اپنے کیریئر کا آغاز 2006 میں فلم دی میرین سے کیا۔اس کے بعد سے وہ فاسٹ اینڈ فیوریس 9، دی سوسائیڈ اسکواڈ اور ٹرین ورک سمیت متعدد فلموں کا حصہ رہے ہیں۔2018 سے، وہ WWE کے ساتھ پارٹ ٹائم ریسلر کے طور پر منسلک ہیں۔

وہ قریب قریب مرنے والے بچوں کی خواہشات کو پورا کرنے والی تنظیم میک اے وش سے بھی وابستہ ہیں اور اس حوالے سے ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے۔میک اے وش فاؤنڈیشن کے لیے سب سے زیادہ بچوں کی خواہشات دینے کا عالمی ریکارڈ جان سینا کے پاس ہے۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+