آئندہ سال پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا مجوزہ شیڈول سامنے آ گیا ہے
- 08, جولائی , 2024
نیوز ٹوڈے : پاکستان میں آئندہ سال ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا مجوزہ شیڈول سامنے آ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے گزشتہ ہفتے چیمپئنز ٹرافی کی تاریخوں کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق ایونٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔میڈیا میں پہلے ہی یہ خبر آچکی ہے کہ یکم مارچ کو پاک بھارت میچ اور بھارت کے تمام گروپ میچ لاہور میں ہوں گے۔ تاہم ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا تفصیلی شیڈول اب آئی سی سی کے اعلان سے قبل سامنے آ گیا ہے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان شامل ہیں۔میزبان پاکستان ٹیم تین وینیوز لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں گروپ میچز کھیلے گی۔
چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ 20 فروری کو بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔افغانستان اور جنوبی افریقہ کا میچ 21 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، آسٹریلیا اور انگلینڈ 22 فروری کو لاہور میں مدمقابل ہوں گے۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ 23 فروری کو لاہور میں، پاکستان اور بنگلہ دیش کا میچ 24 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔25 فروری کو لاہور افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ کی میزبانی کرے گا، 26 فروری کو راولپنڈی آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کی میزبانی کرے گا۔
27 فروری کو بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان لاہور، 28 فروری کو افغانستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں راولپنڈی میں میچ کھیلیں گی جب کہ یکم مارچ کو پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ لاہور میں ہوگا۔
جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کا میچ 2 مارچ کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔پہلا سیمی فائنل 5 مارچ کو کراچی جبکہ دوسرا سیمی فائنل 6 مارچ کو راولپنڈی میں ہوگا۔چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔
تبصرے