بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے لاہور پہنچ گئی
- 13, اگست , 2024

نیوز ٹوڈے : بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پہنچ گئی۔
بنگلہ دیشی ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں نجی ہوٹل لے جایا گیا، شیڈول کے مطابق مہمان ٹیم آج آرام کرے گی۔بنگلہ دیشی ٹیم 14 اگست کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں اپنا پہلا ٹریننگ سیشن کرے گی۔تین روزہ ٹریننگ کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم 17 اگست کو اسلام آباد روانہ ہو گی، مہمان ٹیم اپنے دورے کے دوران دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ .
سیریز کا پہلا میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے کراچی میں شروع ہوگا۔بنگلہ دیش کی ٹیم میں عوامی لیگ کے رکن شکیب الحسن بھی شامل ہوں گے، جو شیخ حسینہ کی حکومت کے ساتھ رکن پارلیمنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔
بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت اور کابینہ میں شامل لوگوں کے خلاف شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔شکیب الحسن بنگلہ دیش میں ہونے والے ہنگاموں کے دوران کینیڈا میں ہونے والی ٹی 20 لیگ میں مصروف تھے اور کینیڈا سے پاکستان پہنچیں گے۔
بنگلہ دیشی ٹیم کو پہلے 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنا تھا لیکن ڈھاکہ کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو اپنی ٹیم پہلے بھیجنے کی دعوت دی۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی دعوت قبول کرتے ہوئے ٹیم کو پہلے پریکٹس کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

تبصرے