ڈپریشن اور تناؤ جیسی عام بیماریوں سے بچنے کے لیے بہترین غذائیں
- 19, اگست , 2024
نیوز ٹوڈے : اگر آپ ڈپریشن اور تناؤ جیسی عام دماغی بیماریوں سے خود کو بچانا چاہتے ہیں تو بحیرہ روم کی خوراک اپنائیں.بحیرہ روم کے علاقے کی اس خوراک کو بحیرہ روم کی خوراک کہا جاتا ہے۔
اسپین، یونان، اٹلی اور فرانس جیسے ممالک کے شہریوں کی عام خوراک پھل، سبزیاں، اناج، گری دار میوے، مچھلی، زیتون کا تیل وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے (سرخ گوشت بہت کم کھایا جاتا ہے)۔یہ خوراک ذیابیطس سے تحفظ، دل کی صحت کے ساتھ ساتھ ہڈیوں اور جوڑوں کے لیے بہترین غذا سمجھی جاتی ہے۔
اب میو کلینک کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پھل، سارا اناج، مچھلی، گری دار میوے اور زیتون کے تیل سے بھرپور غذا کھانے سے مزاج پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ ذہنی تناؤ کو کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
اس تحقیق میں 1,591 افراد شامل تھے، جن میں سے 70 فیصد سے زیادہ خواتین تھیں۔سروے اور سوالنامے کے ذریعے 18 سے 29 سال کی عمر کے 1412 افراد سے ان کی غذائی عادات اور مزاج کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔ مزاج اور تناؤ پر کیا اثرات ہوتے ہیں؟
تحقیق کے نتائج سے پتہ چلا ہے کہ بحیرہ روم کی خوراک کا استعمال ڈپریشن اور تناؤ کو روکنے میں مدد کرتا ہے۔اس کے برعکس مغربی طرز کی خوراک جیسے فاسٹ فوڈ اور چینی کا زیادہ استعمال موڈ پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ جو لوگ سبز پتوں والی سبزیاں، سارا اناج، ورزش، گری دار میوے اور جو کا استعمال کرتے ہیں وہ مسائل سے نمٹنے میں زیادہ پراعتماد ہوتے ہیں جبکہ چڑچڑے پن کو بھی کنٹرول کرتے ہیں۔ محققین کے مطابق نتائج بتاتے ہیں کہ یہ غذائیں نہ صرف تناؤ کو روکتی ہیں بلکہ یہ موڈ پر منفی اثرات کو بھی کم کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نتائج سابقہ تحقیقی رپورٹس سے مطابقت رکھتے ہیں کہ غذائی عادات اور ڈپریشن اور بے چینی کے درمیان تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ غذائی نالی اور دماغ کے درمیان براہ راست تعلق ہے۔سوزش، ہارمونز اور نیورو ٹرانسمیٹر سبھی موڈ کو متاثر کرتے ہیں اور ان کا تعلق آنتوں اور خوراک سے ہے۔
تبصرے