حکومت اور اپوزیشن کی کوششیں ناکام، اختر مینگل نے استعفیٰ واپس لینے سے انکار کردیا
- 04, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : پاکستان حکومت اور اپوزیشن کی کوششیں ناکام، اختر مینگل نے استعفیٰ واپس لینے سے انکار کر دیا۔ اپوزیشن اورحکومت کی طرف سے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ اختر مینگل کو منانے کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔گزشتہ روز اختر مینگل نے بطور احتجاج قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا اور اعلان کیا کہ انہیں پورے نظام پر اعتماد نہیں ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے اخترمینگل کو منانے کی کوششیں کی گئیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کی قیادت میں حکومتی وفد نے اختر مینگل سے ملاقات کی اور استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی۔
اس سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے بھی سردار اختر مینگل سے ملاقات کی اور رکن قومی اسمبلی سے استعفیٰ واپس لینے کی اپیل کی۔
تاہم حکومت اور اپوزیشن کی یہ کوششیں ناکام ہوئیں اور اختر مینگل نے استعفیٰ واپس لینے سے انکار کردیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ میرا استعفیٰ واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں، انہوں نے مجھے سمجھانے کی کوشش کی لیکن میں نے انہیں منوا لیا۔
انہوں نے کہا کہ 2018 سے بلوچستان کے استحصال، مسائل، وسائل اور لاپتہ افراد کا معاملہ اٹھایا گیا، ان کی سمجھ میں نہیں آتا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مستعفی ہونے کا اعلان کرنے کے بعد اختر مینگل نے اپنا استعفیٰ اسمبلی سیکرٹری کو جمع کرایا تھا جسے قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تبصرے