گوگل کا پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے اور نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت دینے کا فیصلہ
- 06, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے اور نوجوانوں کی آئی ٹی کے شعبے میں تربیت کے حوالے سے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گوگل کے ایشیا پیسفک ریجن کے صدر مسٹر سکاٹ بیومونٹ کی قیادت میں گوگل کے 4 رکنی وفد نے شہباز شریف سے ملاقات کی۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے۔
آئندہ 5 سالوں میں 25 ارب ڈالر کا برآمدی ہدف حاصل کرنے کے حکومتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت، آئی ٹی انفراسٹرکچر کی بہتری اور ریگولیٹری نظام کی بہتری کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے گوگل جیسی بڑی آئی ٹی کمپنی کے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گوگل نے صرف 2023 میں پاکستانی نوجوانوں کو تقریباً 10 لاکھ ملازمتیں حاصل کرنے کے قابل بنایا ہے جو کہ ڈیجیٹل دنیا میں پاکستان کی صلاحیت اور پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے گوگل کے عزم کا ثبوت ہے۔
آئی ٹی کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے مسٹر سکاٹ بیومونٹ نے کہا کہ گوگل نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی بہتری کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال، نوجوانوں کی بڑی آبادی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت گوگل جیسی کمپنی کے لیے اہم ہیں۔ 2026 تک گوگل پاکستان میں 5 لاکھ کروم بکس تیار کرے گا۔
تبصرے