وزیراعظم نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے خصوصی پولیو مہم کا آغاز کیا
- 09, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے خصوصی پولیو مہم کا آغاز کر دیا ہے۔وزیراعظم نے ملک بھر کے 115 اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز کیا ہے جس میں پانچ سال سے کم عمر کے 3 کروڑ بچوں کو اس مہلک مرض سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ 9 سے 15 ستمبر تک اس خصوصی مہم کے تحت 2 لاکھ 86 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی اداروں کے شراکت داروں اور دوستوں کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کیا۔ وہ پر امید ہیں کہ وفاقی حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ ملک سے مکمل خاتمے میں کامیاب ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہماری کوششیں ضرور رنگ لائیں گی، انہوں نے پولیو کی روک تھام کے لیے وفاقی اور صوبائی حکام، پولیو ورکرز، سیکیورٹی اہلکاروں سمیت تمام کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں، اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے بھی پلائے۔تقریب میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ، وزیر اعظم کی خصوصی نمائندہ برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف، گیٹس فاؤنڈیشن اور اقوام متحدہ کے نمائندوں سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تبصرے