اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے دروازے بند ہیں، گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں، عمران خان کا اعلان
- 11, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہمارے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔آج سے پارٹی کو ہدایت کر رہا ہوں کہ اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کی بحث نہیں کی جائے گی۔ آج اڈیالہ جیل میں اپنے خلاف مقدمات کی سماعت کے بعد عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں 22 اگست کا جلسہ منسوخ کرنے کا پیغام بھیجا تھا۔ 8 ستمبر کی تاریخ بھی ہمیں اسٹیبلشمنٹ نے دی تھی۔
میں نے پارٹی کے چھ رہنماؤں کو اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کی اجازت دی تھی۔ میں نے کبھی کسی کو بات کرنے سے نہیں روکا۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں اجازت ملے یا نہ ملے، 21 ستمبر کو لاہور میں جلسہ کریں گے۔عمران خان نے ریاستی اداروں پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 'علی امین گنڈا پور کو گزشتہ رات اسٹیبلشمنٹ نے اٹھایا۔ آپ ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ چن کر نفرتیں بڑھا رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے کیا بغاوت کی ہے، علی امین گنڈا پور نے قوم کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ میں علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کی معافی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کے بیان پر معافی مانگنے والے بزدل ہیں، انہیں پارٹی میں نہیں رہنا چاہیے۔
تبصرے