امریکہ کا لبنان میں پیجر بم دھماکوں سے لاتعلقی کا اعلان

امریکہ

نیوز ٹوڈے :   امریکہ نے لبنان میں ہونے والے مقابلے کے حملوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی کارروائی میں عام شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ لبنان میں حزب اللہ کے پیجرز دھماکوں کے بارے میں معلومات اکٹھا کر رہے ہیں۔

امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تنازع کا سفارتی حل چاہتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھانے والا کوئی بھی اقدام امریکا کے لیے باعث تشویش ہے۔

میتھیو ملر نے مزید کہا کہ ایران عدم استحکام بڑھانے کے لیے کسی بھی واقعے کا فائدہ اٹھانے سے گریز کرے۔دوسری جانب اقوام متحدہ نے بھی لبنان میں پیجر ڈیوائس دھماکوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں اقوام متحدہ نے کہا کہ لبنان میں غیر مستحکم حالات پیدا کرنے کی کوشش تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ کے ارکان کے پیجرز میں بیک وقت دھماکے ہوئے۔ لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پیجرز دھماکوں میں ایک بچے سمیت 8 افراد شہید جب کہ 2500 سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے 200 کی حالت تشویشناک ہے۔

مواصلات کے لیے استعمال ہونے والے پیجر آلات میں دھماکوں سے حزب اللہ کے متعدد ارکان زخمی بھی ہوئے۔ایرانی میڈیا کے مطابق لبنان میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی پیجر دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہوگئے ہیں۔

حزب اللہ کے زخمی ارکان کو ہسپتال لے جایا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔پیجر ڈیوائسز میں ہونے والے دھماکوں کے بعد حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دھماکوں سے متعلق تمام حقائق معلومات کی جانچ پڑتال کے بعد اسرائیل کو مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

حزب اللہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دشمن اسرائیل شہریوں کے خلاف اس مجرمانہ جارحیت کا مکمل طور پر ذمہ دار ہے، وہ فلسطینی مزاحمت کی حمایت جاری رکھے گا اور غدار اور مجرم دشمن کو اس جارحانہ فعل کی سزا ضرور ملنی چاہیے۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+