عازمین حج کے لیے خوشخبری
- 25, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے حج پر جانے والے مسلمانوں کو فی کس ایک لاکھ روپے مالی امداد فراہم کرنے کے انتخابات میں کیے گئے وعدے کو پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ نے امراوتی میں ریاستی سکریٹریٹ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اماموں اور مؤذنوں کو ماہانہ اعزازیہ اور ہر ایک عازمین حج کے لیے ایک لاکھ روپے کے انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں۔ چندرابابو نائیڈو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اماموں اور مؤذن کو بالترتیب 10,000 اور 5,000 روپئے ماہانہ اعزازیہ دینے کے وعدے کو عملی جامہ پہنائیں۔
چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ حج پر جانے والوں کو انتخابات کے دوران وعدے کے مطابق ہر ایک کو ایک لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو وقف بورڈ کے اراضی سروے کو 1 سال کے اندر مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے اقلیتوں کے لیے تمام فلاحی اسکیموں کی تنظیم نو کا حکم دیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سابقہ تلگودیشم حکومت کے دوران نافذ کی گئی اسکیموں، حالیہ انتخابات کے دوران اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں اور موجودہ اسکیموں کا جائزہ لیں۔ اسکیموں کا تفصیلی مطالعہ کرنے کے بعد اسکیموں کو لاگو کرنے کے لیے ایک نیا فارمولہ تیار کریں۔
تبصرے