بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
- 26, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : بنگلہ دیش کے سٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔بنگلہ دیش کی ٹیم اس وقت بھارت کے دورے پر ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز جاری ہے۔
کانپور میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل شکیب الحسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے رواں سال جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اس فارمیٹ میں بنگلہ دیش کے لیے اپنا آخری میچ کھیلا ہے۔
شکیب نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف اکتوبر میں ڈھاکہ میں شیڈول ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہو گا، ٹی ٹوئنٹی کے بعد وہ اس فارمیٹ سے بھی ریٹائر ہو جائیں گے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں جاری سیاسی کشیدگی کے باعث جنوبی افریقہ نے ابھی تک اپنی ٹیم کو سیریز کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس نہیں دی ہے۔
اگر جنوبی افریقہ سیریز نہیں ہوتی ہے تو بھارت کے خلاف کانپور میں جمعہ سے شروع ہونے والا ٹیسٹ شکیب الحسن کا آخری ٹیسٹ ہو گا، تاہم امید ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز شیڈول کے مطابق ہو گی۔اس کے علاوہ شکیب الحسن نے بھی تصدیق کی کہ وہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
شکیب الحسن نے کہا کہ میں اس فیصلے سے خوش ہوں، مجھے اپنی زندگی میں کوئی پچھتاوا نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ میرے اور بنگلہ دیش کرکٹ کے لیے صحیح وقت ہے۔واضح رہے کہ شکیب الحسن 70 ٹیسٹ میچوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کر چکے ہیں جس میں انہوں نے 4600 رنز اور 242 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی بات کریں تو انہوں نے بنگلہ دیش کے لیے 129 میچز کھیلے جس میں 2551 رنز اور 149 وکٹیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شکیب الحسن 247 ون ڈے میچوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کے اسٹار کرکٹ آل راؤنڈر اور عوامی لیگ کے سابق رکن اسمبلی شکیب الحسن پر ڈھاکہ میں قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق شکیب الحسن پر ڈھاکہ میں گارمنٹس فیکٹری کے ملازم کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
تبصرے