اسرائیل کے خلاف ہماری کارروائیاں بڑھیں گی: حزب اللہ کے عبوری سربراہ کا اعلان
- 30, ستمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد تنظیم کے عبوری سربراہ اور نائب سربراہ نعیم قاسم نے اپنی پہلی تقریر میں اہداف سے انحراف نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
نعیم قاسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے اپنے قائد اور بھائی کو کھو دیا ہے جو اپنے جنگجوؤں سے پیار کرتے تھے۔حزب اللہ کے نائب سربراہ نے کہا کہ ہم اپنے نئے رہنما کا انتخاب بعد میں کرنے کی بجائے جلد طریقہ کار کے مطابق کریں گے اور ہم لبنان کی حفاظت اور غزہ کی حمایت کے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کے اندر 150 کلومیٹر تک حملے کر رہے ہیں، حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد بھی ہماری کارروائیاں جاری رہیں گی اور بڑھیں گی۔ اگر اسرائیل لبنان میں زمینی کارروائی کرتا ہے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
حزب اللہ کے عبوری سربراہ نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو گا اور ہم اسی طرح جیتیں گے جس طرح ہم نے 2006 کی جنگ میں اسرائیل کے خلاف جیتے تھے۔واضح رہے کہ اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد نعیم قاسم کو تنطیم کا عبوری سربراہ بنایا گیا ہے۔
تبصرے