گزشتہ مالی سال کی اقتصادی ترقی کی شرح کے نظرثانی شدہ اعداد و شمار جاری
- 01, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال 2023-24 کے لیے نظرثانی شدہ اقتصادی شرح نمو کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔وزارت منصوبہ بندی کے مطابق چوتھی سہ ماہی کے حتمی اعداد و شمار کے بعد زراعت اور خدمات کے شعبوں کی ترقی میں اضافہ ہوا ہے۔
بیان کے مطابق نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے گزشتہ مالی سال کے نظرثانی شدہ معاشی اعداد و شمار کی منظوری دے دی ہے۔ گزشتہ مالی سال اقتصادی ترقی کی شرح 2.52 فیصد تھی۔ گزشتہ مالی سال کے لیے اقتصادی ترقی کی شرح کا ہدف 3.5 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔
وزارت منصوبہ بندی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں زرعی شعبے کی شرح نمو 6.36 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس سے قبل گزشتہ مالی سال کے لیے زرعی شعبے کی شرح نمو 6.25 فیصد کی منظوری دی گئی تھی، جب کہ مالی سال 2023-24 کے لیے زرعی شعبے کا ہدف 3.5 فیصد تھا۔
بیان کے مطابق گزشتہ مالی سال صنعتی شعبے کی شرح نمو منفی 1.15 فیصد رہی، مالی سال 2023-24 میں خدمات کے شعبے کی شرح نمو 2.15 فیصد رہی جبکہ صنعتی ترقی کی شرح 3.4 فیصد اور خدمات کے شعبے کا ہدف 3.6 فیصد رکھا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق مخلوط حکومت کے گزشتہ مالی سال میں اقتصادی ترقی کی شرح منفی 0.21 فیصد سے بڑھ کر منفی 0.22 فیصد تک پہنچ گئی۔
تبصرے