صہیونی ریاست کی جارحیت کے خلاف فیصلہ کن جواب دیا گیا ہے: ایرانی صدر
- 02, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : ایرانی صدر نے منگل کی رات اسرائیل کے خلاف ہونے والے میزائل حملے کو اسرائیلی "جارحیت" کا فیصلہ کن جواب قرار دیا۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی حملہ اسرائیلی جارحیت کا جواب ہے، ایران اور خطے میں امن کے لیے جائز حق استعمال کیا گیا۔ایرانی صدر نے کہا کہ صہیونی ریاست کی جارحیت کے خلاف فیصلہ کن جواب دیا گیا ہے، ایران جنگجو نہیں ہے لیکن وہ کسی بھی خطرے کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری طاقت کا صرف ایک گوشہ ہے۔ ایران کے ساتھ تنازعہ میں نہ پڑیں۔ واضح رہے کہ ایران نے منگل کو اسرائیل پر حملہ کر کے کئی بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کی جانب کم از کم 102 میزائل داغے گئے ہیں۔ بعد ازاں مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل داغے گئے۔
اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چند لمحے قبل ایرانی فضائیہ نے اسرائیل پر کئی بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا، جس میں کئی اہم فوجی اور سیکیورٹی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ اسرائیل پر حملہ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کی شہادت کا بدلہ ہے۔ ان حملوں کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تبصرے