اپنے اصول پر قائم رہیں گے کہ جو ہم پر حملہ کرے گا ہم اس پر حملہ کریں گے: نیتن یاہو
- 02, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے بہت بڑی غلطی کی ہے، ایران کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
ایرانی حملے کے بعد کی صورتحال پر سیکیورٹی کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ایران نے رات گئے اسرائیل پر سینکڑوں میزائل فائر کیے تاہم دنیا کے جدید ترین فضائی دفاعی نظام کی بدولت ایرانی حملہ ناکام ہوگیا۔نیتن یاہو نے حملے کی ناکامی پر اسرائیلی دفاعی افواج اور شہریوں کو مبارکباد دی جبکہ ایرانی حملے کو ناکام بنانے میں مدد کرنے پر امریکہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر براہ راست حملہ کرکے بہت بڑی غلطی کی ہے، وہ نہیں جانتے کہ ہم اپنے دفاع اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ ہم اس اصول پر قائم رہیں گے کہ جو ہم پر حملہ کرے گا ہم اس پر حملہ کریں گے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل داغے گئے۔
اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی فضائیہ نے اسرائیل پر کئی بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا، جس میں کئی اہم فوجی اور سیکیورٹی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ اسرائیل پر حملہ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کی شہادت کا بدلہ ہے۔ ان حملوں کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تبصرے