حج اور عمرہ سروسز کے لیے عارضی ورک ویزہ، اہم خبر سامنے آگئی
- 02, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : سعودی عرب میں افرادی قوت اور سماجی بہبود کی وزارت نے حج اور عمرہ کی خدمات کے لیے عارضی ورک ویزا سے متعلق ضوابط میں اپ ڈیٹس کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کا کہنا ہے کہ سعودی کابینہ کی جانب سے حج اور عمرہ کی خدمات کے لیے عارضی ورک ویزوں کے ضوابط کی منظوری سے نجی شعبے کو فائدہ ہوگا اور خدمات کا معیار بہتر ہوگا۔
سعودی کابینہ نے حج و عمرہ سیکٹر کے لیے بیرون ملک سے عارضی ملازمین کی درآمد کے لیے ویزوں کے اجراء کے عمل کی منظوری دے دی ہے جس کا بنیادی مقصد حج و عمرہ کے شعبے میں خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
وزارت افرادی قوت کے مطابق کابینہ کی جانب سے عارضی ویزا اسکیم کی منظوری کے بعد موسمی ویزوں کے ضوابط میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ویزوں کی مدت میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موسمی ویزے شعبان کے مہینے سے جاری کیے جائیں گے جو کہ محرم کے آخر یعنی ہجری کے پہلے مہینے تک کارآمد رہیں گے۔بڑی کمپنیوں کو اپنے کام کے مطابق موسمی ویزے کی مدت میں مزید توسیع کرنے کی سہولت ملے گی۔ ویزا کی ابتدائی مدت 90 دن ہوگی جسے مزید 90 دن تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
موسمی ویزوں کے اجراء کے حوالے سے ضوابط میں مزید کہا گیا ہے کہ آجر اور ملازم کے درمیان ورکنگ ایگریمنٹ کیا جائے گا جب کہ ورکر کے لیے میڈیکل انشورنس فراہم کرنا ضروری ہو گا جو کہ ویزا کے اجرا کے لیے لازمی شرط ہے۔
ویزوں کی خلاف ورزی پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی جس کے تحت کسی بھی خلاف ورزی پر متعلقہ کمیٹی کارروائی کرے گی۔ افرادی قوت کی وزارت نے مزید کہا کہ ضابطے نئی ترمیم کے اعلان کے 180 دن بعد لاگو ہوں گے۔
تبصرے