لاہور کے نجی کالج میں مبینہ زیادتی کیس پر طالبہ کے والدین کا ویڈیو بیان سامنے آگیا
- 15, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : لاہور کے علاقے گلبرگ کے نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے حوالے سے طالبہ کے والد اور چچا نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ان کی بیٹی کے ساتھ زیادتی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔
اے ایس پی ڈیفنس شہربانقوی کے ہمراہ ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے طالبہ کے چچا کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹی کے نام پر احتجاج کیا جارہا ہے، بیٹی گھر میں پھسل گئی، کمر پر چوٹ آئی، اس وقت اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس پولیس کو دے دی ہیں، بیٹی کے نام پر احتجاجی ویڈیوز دیکھ کر بہت حیران ہوا۔
اس موقع پر اے ایس پی ڈیفنس شہر بننقوی نے کہا کہ عوام جھوٹی خبر پر کسی کو گالی نہ دیں، اگر کسی کے ساتھ ایسا واقعہ ہوتا ہے تو پولیس اس کی شکایت پر مقدمہ درج کرے۔واضح رہے کہ لاہور کے نجی کالج کی فرسٹ ایئر کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کہا گیا تھا کہ کالج کا سیکیورٹی گارڈ طالبہ سے زیادتی کے بعد فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ واقعے سے انکار کر رہا ہے اور زیادتی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
سوشل میڈیا پر جعلی خبریں وائرل ہونے کے بعد طلبا نے لاہور میں گلبرگ مین بلیوارڈ اور کینال روڈ کو میدان جنگ بنا دیا۔دوسری جانب پولیس نے طالبہ کے والد اور چچا کو بلایا، انہوں نے ماسک پہنا کر اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی کے سامنے ویڈیو بیان ریکارڈ کرایا۔
تبصرے