ایران کی ایٹمی یا تیل تنصیبات کے بجائے اسرائیل کس کو نشانہ بنائے گا؟ امریکی اخبار کا بڑا دعویٰ
- 15, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : امریکی اخبار نے ایران پر اسرائیل کے ممکنہ حملے کی تفصیلات بتائی ہیں۔ نیتن یاہو نے امریکا سے کہا کہ اسرائیل ایران کے جوہری یا تیل کے اہداف پر حملہ نہیں کرے گا۔رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حملے کا ہدف ایرانی فوج کو بنایا جا سکتا ہے اور اسرائیل اس حوالے سے منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ نے اس معاملے سے واقف دو اہلکاروں کا حوالہ دیا، جن کے مطابق اسرائیل کا ہدف ایران کی جوہری یا تیل کی تنصیبات نہیں ہوں گی۔ ایران کے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملے کے بعد اسرائیل نے جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ .اس سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ وہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی حمایت نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ ایران نے اسرائیل پر بڑا حملہ کرتے ہوئے 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے تھے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے اسرائیل کی جانب 400 بیلسٹک میزائل فائر کیے جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت پورے اسرائیل میں سائرن بجنے لگے۔
تبصرے