وزیراعظم، بلاول اور مولانا کی ملاقات ختم، آئینی ترامیم پر مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی
- 18, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : آئینی ترامیم پر مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے۔
جے یو آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کے درمیان آئینی ترامیم پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ملاقات کے موقع پر مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم اور بلاول بھٹو سے شکایت کی کہ ایک طرف انہیں آئینی ترمیم پر قائل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تو دوسری جانب ان کے اراکین پارلیمنٹ غائب ہو رہے ہیں.انہوں نے کہا کہ معاملات اس طرح جاری نہیں رہ سکتے۔ پہلے لاپتہ سینیٹر مفتی عبدالشکور کو سامنے لائیں، پھر بات کریں گے۔
کچھ دیر قبل وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر قانون نذیر تارڑ بھی مولانا کے گھر پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیاسی رہنماؤں کے درمیان مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے بات چیت ہوئی تاہم اس پر کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کے نمائندوں کو کمیٹی میں شامل کیا جائے۔
مولانا نے کہا کہ ہم پوری فراخدلی کے ساتھ حکومت کے ساتھ بیٹھے ہیں، کچھ چیزیں ابھی بھی مشاورت کے لائق ہیں، ترمیم متفقہ ہونی چاہیے، تمام اپوزیشن جماعتوں کو آن بورڈ لیا جائے۔دوسری جانب جے یو آئی کے اندر فارورڈ بلاک بننے کی بھی اطلاعات ہیں جس کی جے یو آئی کے ترجمان نے تردید کی ہے۔
تبصرے