پاکستان اور انگلینڈ کے لوگ کرکٹ سے یکساں محبت رکھتے ہیں: الیکس فینشوے
- 25, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : برطانوی ہائی کمیشن کے اہلکار ایلکس فانشاوے نے کہا ہے کہ کرکٹ کے ذریعے انگلینڈ اور پاکستان کے عوام کے درمیان رابطہ قائم ہوتا ہے، پاکستان اور انگلینڈ کے لوگوں میں کرکٹ سے ایک طرح کی محبت ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کے اہلکار ایلکس فانشاوے کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آخری دورہ انگلینڈ کے موقع پر میچز دیکھنے کا اتفاق ہوا، انگلینڈ میں پاکستانی شائقین کی تعداد حیرت انگیز تھی۔
انہوں نے کہا کہ برمنگھم میں انگلینڈ کی شرٹس سے زیادہ پاکستانی شرٹس نظر آتی ہیں، جب بھی انگلینڈ کی ٹیم آتی ہے تو پاکستانی میڈیا اور اخبارات کے صفحہ اول پر سرخیاں ہوتی ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن کے اہلکار نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی… پاکستان میں آنا خوش آئند ہے، وائٹ بال کرکٹ کو پاکستانی بڑی دلچسپی سے دیکھتے ہیں، پاکستان سپر لیگ میں بھی پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ساتھ ساتھ پاکستان اور انگلینڈ تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل میں مل کر کام کر رہے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں پچ اسپنرز کے لیے سازگار ہو رہی ہے، راولپنڈی ٹیسٹ پانچویں روز تک جاتا دکھائی نہیں دے رہا۔
انگلینڈ کے کھلاڑی ریحان احمد کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایلکس فنشاوے نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ریحان احمد کی فیملی کا تعلق میرپور سے ہے۔
تبصرے