وفاقی وزیر اطلاعات نے 27ویں آئینی ترمیم کا امکان مسترد کردیا
- 29, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے ستائیسویں آئینی ترمیم کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ستائیسویں آئینی ترمیم پر غور نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، میں نہیں سمجھتا کہ آئینی بنچ میں جانے سے کوئی تنازعہ پیدا ہوگا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر پی ٹی آئی کے تحفظات دور کر دیے گئے لیکن جب وہ اپنے بانی سے جیل میں ملنے گئی تو ان کی سرزنش کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی 4-5 دھڑوں میں تقسیم ہے، بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کے الگ الگ گروپ ہیں۔ اس لیے ان کے احتجاج کے لیے کوئی نہیں نکلتا، اس بار بھی ہم ان کی احتجاجی کال پر پرسکون ہیں۔ یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران 27ویں آئین میں ترمیم لانے پر اتفاق رائے ہونے کی خبر سامنے آئی تھی۔
بعد ازاں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں 27ویں ترمیم پر معاہدے کی خبروں کو مسترد کردیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میں شہباز شریف اور بلاول کے درمیان ملاقات میں موجود تھا، ملاقات میں 27ویں ترمیم پر کوئی اتفاق نہیں ہوا، ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تبصرے