خصوصی عدالت برائے اوورسیز پاکستانیز اور ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ترمیمی بل کی منظوری دے دی گئی
- 30, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : صدر آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت خصوصی عدالت (اوورسیز پاکستانی پراپرٹی) اور ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ترمیمی بل 2024 کی منظوری دے دی۔
نئے قانون کے تحت وفاقی حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی مشاورت سے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کرے گی۔بیرون ملک مقیم پاکستانی خصوصی عدالتوں میں غیر منقولہ جائیداد سے متعلق درخواستیں دائر کر سکیں گے، عدالت کے جج کو ضلعی عدالت کے جج کے اختیارات حاصل ہوں گے۔
نئے قانون کے تحت درخواستیں الیکٹرانک طریقے سے بھی دائر کی جا سکتی ہیں، اگر مدعا علیہ دوسری بار عدالت میں پیش نہ ہوا تو عدالت مدعا علیہ کی غیر موجودگی میں کارروائی کرے گی۔خصوصی عدالت برائے سمندر پار پاکستانی فریقین کو شہادتیں دینے کے لیے دو سے زیادہ مواقع نہیں دے گی۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اجازت ہوگی۔
نئے قانون کے تحت عدالت درخواست کو 90 دن میں نمٹائے گی، متاثرہ شخص 15 دن کے اندر ہائی کورٹ میں اپیل کر سکے گا جو 90 دن میں اپیل نمٹا دے گی۔عدالت مدعا علیہ کو جائیداد کی منتقلی سے روکے گی، جائیداد کو متاثرہ فریق کو منتقل کرے گی، درخواست پر فیصلہ آنے تک جائیداد کی منتقلی سے روکے گی۔
تبصرے