اسد عمر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کر دی
- 30, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : اسد عمر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کر دی سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری سے ملاقات کی خبریں غلط ہیں، وہ کسی اور پارٹی میں شمولیت کا سوچ بھی نہیں سکتے، چودھری بہت گولیاں چلا رہا ہے، ہاتھ ہلکا رکھو۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ میرے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، کہ میں زرداری سے ملا ہوں اور میں پیپلز پارٹی میں شامل ہو گیا ہوں، ایسا کچھ نہیں ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ میں لاہور میں ہوں کسی اور پارٹی میں جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا، فواد چوہدری بہت فائرنگ کر رہے ہیں، ان سے کہوں گا کہ ہاتھ ہلکے رکھیں۔
اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے واقعات میں اسد عمر کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اسد عمر سے تفتیش ہوئی؟ جس پر وکیل نے کہا کہ جی اسد عمر سے تفتیش ہو چکی ہے، پولیس افسر نے بتایا کہ تینوں کیسز میں تفتیشی افسر عدالت میں موجود نہیں ہیں۔ وکیل نے کہا کہ اسد عمر جے آئی ٹی میں پیش ہوئے ہیں، ویڈیو موجود ہے، پولیس افسر نے کہا کہ ان میں شامل تفتیش نہیں ہوئی، جس پر اسد عمر کے وکیل نے کہا کہ 14 ماہ سے عبوری ضمانتیں چل رہی ہیں، 3 بار ہو چکے ہیں۔
بعد ازاں لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈی ایس پی لیگل کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
تبصرے