پاسپورٹ کی پرنٹنگ میں تاخیر سے نمٹنے کے لیے نئی پرنٹنگ مشینیں پاکستان پہنچ گئی ہیں
- 31, اکتوبر , 2024
نیوز ٹوڈے : ملک بھر میں پاسپورٹ پرنٹنگ میں تاخیر سے نمٹنے کے لیے بیرون ملک سے 10 پاسپورٹ پرنٹنگ ڈیسک ٹاپ مشینیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پاسپورٹ پرنٹنگ میں تاخیر سے نمٹنے کے لیے آئندہ ہفتے سے تمام مشینیں فعال کر دی جائیں گی۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مشینیں بیرون ملک سے منگوائی گئی ہیں، اس وقت 10 ڈیسک ٹاپ پرنٹنگ مشینوں کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیسک ٹاپ مشینوں کو فعال کرنے سے پرنٹنگ کی موجودہ صلاحیت دوگنی ہو جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے روزانہ کی بنیاد پر پاسپورٹ کے اجراء کے لیے 45 سے 50 ہزار درخواستیں موصول ہو رہی ہیں جب کہ اس وقت روزانہ کی بنیاد پر 20 سے 22 ہزار پاسپورٹ پرنٹ کیے جا رہے ہیں۔
تبصرے