پاکستان کے ساتھ مل کر امن کے دشمنوں کا صفایا کریں گے، ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ

نیوز ٹوڈے :     نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے ذریعے حق خودارادیت کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے۔ انہوں نے فلسطین کے بعد ایران پر اسرائیلی حملے کی بھی شدید مذمت کی۔ عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ظالم اسرائیل کو روکا جائے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دہشت گردی کو مشترکہ چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر امن کے دشمنوں کا صفایا کریں گے۔

اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے وزیر خارجہ سے ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے پرامن حل کے ساتھ ساتھ غزہ میں فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم اس رجحان کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں جس میں قابض طاقتیں اپنے قبضے کو طول دینے کے لیے حق خودارادیت کو دہشت گردی کے مترادف قرار دیتی ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مضبوط موقف اور غزہ کے متاثرین کے لیے انسانی امداد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے بین الاقوامی کوششیں ضروری ہیں۔ پاکستان اور ایران خطے میں امن کے لیے شانہ بشانہ ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ممالک اور پورے خطے کے لیے مشترکہ خطرہ ہے۔ ہم نے دوطرفہ تعاون کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر اس کا مقابلہ کرنے اور اسے ختم کرنے کے لیے کام کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور بارڈر مینجمنٹ کے ذریعے پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عوام سے عوام کے رابطوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+