علاج جاری ہے، اللہ کا شکر ہے میں ٹھیک ہوں، مریم نواز

مریم نواز

نیوز ٹوڈے :   وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرے گلے کا علاج جاری ہے، اللہ کا شکر ہے میں بالکل ٹھیک ہوں۔جنیوا سے لندن واپسی پر مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو استحکام کی ضرورت ہے، ملک مشکلات سے نکلتا نظر آرہا ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو استحکام کی ضرورت ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ معیشت میں بہتری آرہی ہے، پاکستان سے اچھی خبریں آرہی ہیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج 96 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گئی، نواز شریف کی پچھلی حکومت کے بعد پہلی بار مہنگائی کم ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 سال بعد مہنگائی کم ہو رہی ہے، پنجاب میں بہت پوٹینشل ہے، ہمیں محنتی مخلص لوگوں کی ضرورت ہے، ایئر پنجاب سروس کے بارے میں سوچ بچار ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سموگ کا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہو سکتا، سموگ کا مسئلہ چند سالوں میں حل ہو جائے گا۔دوسری جانب نواز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، پاکستان کو امریکا اور اس کے پڑوسیوں سے بھی اچھے تعلقات رکھنے چاہئیں۔

نواز شریف نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنا چاہیے تھا، بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کی ضرورت ہے، امید ہے بھارتی ٹیم جلد پاکستان آکر کھیلے گی۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے معیشت کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورا ملک دیکھنا چاہتا ہے کہ ڈیڑھ ارب درخت اور 50 ہزار درخت کہاں ہیں۔ افسوس ایک پارٹی نے بدتمیزی کا کلچر قائم کیا، گاڑیوں کے پیچھے بھاگنا اور پیچھا کیا جانا افسوسناک ہے۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+