علی امین گنڈا پور کو بڑا جھٹکا، بری خبر
- 22, نومبر , 2024
نیوز ٹوڈے : اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دے دیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اسلام آباد کے آئی نائن تھانے میں درج مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دے دیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس کو دیگر ملزمان سے الگ کر دیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ سماعت کے دوران ملزمان راجہ راشد حفیظ، واثق قیوم، راجہ خرم نواز، فیصل جاوید، عمر تنویر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جب کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وکلا سردار بسی، مرتضیٰ طوری، زاہد حسین کے وکلا پیش ہوئے۔ بشیر ڈار نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ تمام غیر حاضر ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی جاتی ہے اور ان کے ضمانتی مچلکے منسوخ کر دیے جاتے ہیں۔ بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں علی امین گنڈا پور، فیصل جاوید، راجہ خرم اور واثق قیوم کے خلاف اسلام آباد کے آئی نائن تھانے میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
تبصرے