عمران خان، بشریٰ بی بی اور علی امین سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

عمران خان بشریٰ بی بی

نیوز ٹوڈے :   پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، بہن علیمہ خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف ٹیکسلا تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں دہشت گردی سمیت 13 دفعات شامل کی گئی ہیں۔کیس میں عمران خان کے علاوہ علیمہ خان، بشریٰ بی بی، علی امین گنڈا پور، سابق صدر عارف علوی، شہریار ریاض، حماد اظہر، اسد قیصر اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان کے ذریعے عوام کو 24 نومبر کے احتجاج کا پیغام دیا، بشریٰ بی بی نے 19 نومبر کو ویڈیو پیغام میں کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کا کہا۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے پرتشدد احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کرکے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں، ملزمان نے ریاستی اداروں کے خلاف نعرے لگائے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلایا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج سے چند روز قبل اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد علیمہ خان نے عمران خان کا پیغام پہنچایا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے 24 نومبر کو احتجاج کی حتمی کال دی ہے۔
 

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+