پی ٹی آئی کے احتجاج میں گرفتاریاں، اسلام آباد میں سی آئی اے کی عمارت کو سب جیل قرار دے دیا گیا
- 25, نومبر , 2024
نیوز ٹوڈے : اسلام آباد انتظامیہ نے سی آئی اے بلڈنگ آئی نائن کو سب جیل قرار دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے احتجاج اور گرفتاریوں کے پیش نظر انتظامیہ نے آئی نائن میں واقع سی آئی اے بلڈنگ کو سب جیل قرار دے دیا ہے۔
اسلام آباد کے چیف کمشنر نے سی آئی اے بلڈنگ کو سب جیل قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اس عمارت کو پرزنرز ایکٹ 1894 کے سیکشن 3 کے تحت سب جیل قرار دیا گیا ہے۔وزارت قانون و پارلیمانی امور نے تعمیر کی منظوری دی۔ سب جیل اسلام آباد انتظامیہ کی درخواست پر حالیہ احتجاج میں گرفتار ہونے والوں کو اس سب جیل میں رکھا جائے گا۔
پی ٹی آئی کا احتجاج اور حکومتی تیاریاں
اسلام آباد میں احتجاج کے لیے پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکنان مختلف علاقوں سے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں جب کہ کچھ قافلے سٹی گورنمنٹ تک بھی پہنچ چکے ہیں۔ گزشتہ رات برہان انٹر چینج کے قریب پناہ گاہ میں رات گزارنے کے بعد خیبرپختونخوا سے آنے والا پی ٹی آئی کا قافلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں دوبارہ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔
دوسری جانب حکومت نے بھی تحریک انصاف کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ آج اسلام آباد، راولپنڈی اور مری میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے باعث جڑواں شہروں میں ہر قسم کے احتجاج اور ریلیوں پر پابندی ہے۔
راولپنڈی میں انتظامیہ نے کنٹینرز لگا کر فیض آباد کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے اور فیض آباد جانے والی مری روڈ کو ڈبل روڈ پر ٹرک کھڑے کر کے بند کر دیا ہے جس کے باعث کام کے لیے باہر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تبصرے