بانی پی ٹی آئی کی احتجاجی کال حتمی ہے: بیرسٹر گوہر کا عمران سے ملاقات کے بعد اعلان
- 25, نومبر , 2024
نیوز ٹوڈے : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے احتجاج کو حتمی قرار دیا ہے۔پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور کے پی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال حتمی ہے اور احتجاج کال آف کا معاملہ نہیں ہے۔
مذاکرات کے حوالے سے ایک سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہاں اس کے بارے میں بتاؤں گا، انشاء اللہ بات چیت چل رہی ہے۔واضح رہے کہ عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کا احتجاج جاری ہے، عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال دی تھی۔
پی ٹی آئی کا قافلہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی قیادت میں صوابی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا۔ پی ٹی آئی کے قافلے میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے علاوہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔
تبصرے