پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط
- 25, نومبر , 2024
نیوز ٹوڈے : پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔پاکستان اور بیلاروس کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی موجودگی میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
قبل ازیں بیلاروس کے وزیر خارجہ دفتر خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔
بیلاروسی صدر الیگزینڈر لوکاشینکو آج اسلام آباد پہنچیں گے جبکہ بیلاروسی کا 68 رکنی وفد اتوار کو اسلام آباد پہنچا جس میں 43 بڑی کاروباری شخصیات بھی شامل تھیں۔ قبل ازیں بیلاروس بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر جام کمال نے کہا کہ بیلاروس کے ٹریکٹر پاکستان میں پائیداری اور مضبوطی کی علامت سمجھے جاتے ہیں اور یہاں کی مقامی مارکیٹ میں ان کی مانگ بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس علاقائی تجارت اور روابط کے فروغ کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم میں بھی شراکت دار ہیں، پاکستان بیلاروس سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔
جام کمال نے کہا کہ توانائی، زراعت، آئی ٹی اور دیگر شعبے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے کھلے ہیں۔
تبصرے