وفاقی وزیر بجلی پاک روس بین الحکومتی کمیشن میں شرکت کے لیے ماسکو روانہ

اویس احمد لغاری

نیوز ٹوڈے :   وفاقی وزیر بجلی اویس احمد لغاری پاک روس بین الحکومتی کمیشن میں شرکت کے لیے تین روزہ سرکاری دورے پر ماسکو روانہ ہو گئے۔ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاور اینڈ پیٹرولیم ڈویژن، تجارت اور ریلوے کے سیکریٹریز اور سرکاری تیل و گیس کمپنیوں کے اعلیٰ حکام پہلے ہی ماسکو پہنچ چکے ہیں۔

کمیشن کے اجلاس میں ماہرین کی سطح کے مذاکرات آج شروع ہوں گے جب کہ پاک روس بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس 4 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق پاک روس بین الحکومتی کمیشن میں توانائی، تجارت اور صنعتی شعبوں سمیت ریلوے رابطوں کے فروغ پر بات کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بات متوقع ہے، روس پر امریکی پابندیوں کے بعد پاک سٹریم گیس پائپ لائن پر پیش رفت تعطل کا شکار ہے۔ پاک سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کا پرانا معاہدہ نارتھ ساؤتھ پائپ لائن ہے اور یہ گیس پائپ لائن کراچی سے لاہور تک بنائی جانی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان آئل ریفائننگ اور آف شور تیل و گیس کی تلاش پر بھی بات ہوگی۔ کمیشن کے اجلاس میں ریلوے رابطوں اور تجارت کے فروغ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+