پنجاب یورپ کی طرح صاف ہو جائے گا: مریم نواز
- 04, دسمبر , 2024
.webp)
نیوز ٹوڈے : صرف 1 ماہ میں پنجاب کو صاف ستھرا بنانے کے دعوے میں ناکامی کے بعد مریم نواز نے ایک بار پھر "کلین پنجاب" منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے پنجاب کو یورپ جیسا صاف ستھرا بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے سب سے بڑے ’’کلین پنجاب‘‘ کا آغاز کرتے ہوئے 3 ماہ میں پنجاب کو صفر ویسٹ کرنے کا ہدف بھی مقرر کر دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران صفائی کے لیے جدید لوڈرز، ٹرکوں اور دیگر آلات کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسپرے مشین، روڈ واشر اور ای بائیکس بھی دیکھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عملے سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سینٹری ورکرز کو سراہا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کلین پنجاب کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تین ماہ میں زیرو ویسٹ پنجاب کا ہدف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پہلی بار شہروں اور دیہاتوں کے لیے یکساں صفائی کا پروگرام لایا ہے۔ ہم صوبے بھر میں کلین پنجاب پروگرام کے آغاز پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ صاف پنجاب پروگرام کے آغاز کی خبر سن کر نواز شریف بہت خوش ہوئے۔ محمد نواز شریف نے شہروں اور دیہاتوں کی یکساں صفائی کے پروگرام کو سراہا۔ ہر شہر اور گاؤں میں گھر گھر کچرا اٹھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی گلیوں اور محلوں کو گھروں کی طرح صاف رکھیں۔ ہر کوئی اپنی گلیاں اور محلے صاف رکھے تو پنجاب چمکے گا۔ چند ہفتوں میں ایک لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ سڑکوں اور گلیوں کو دھو کر چمکدار بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق صنعت کو فروغ دیا جائے گا۔ مری کو کئی سالوں بعد صاف دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔
مری میں صفائی کے لیے ہر قسم کی مشینیں موجود ہیں۔ پنجاب بھر میں صفائی اور کچرا اٹھانے کے لیے 21 ہزار جدید مشینیں اور 80 ہزار سے زائد آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ہم عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ صفائی نصف ایمان ہے، صفائی بڑے لوگ کرتے ہیں چھوٹے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بیٹیاں گھر کو صاف رکھتی ہیں اسی طرح بیٹی بھی پنجاب کو صاف رکھے گی۔ صفائی کرنے والوں کو کم از کم اجرت کے معاہدے کے تحت معاوضہ ملے گا۔
کچرا دائیں بائیں پھینکنے کے بجائے باقاعدہ ڈمپنگ سائٹس بنا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مریم نواز نے وزارت اعلیٰ سنبھالنے کے بعد صرف ایک ماہ میں پنجاب کو صاف ستھرا بنانے کا اعلان کیا تھا تاہم وہ اپنے اعلان پر عمل درآمد نہ کر سکیں۔ اب حکومت سنبھالنے کے 9 ماہ بعد مریم نواز نے دوبارہ ’’کلین پنجاب‘‘ منصوبے کا آغاز کیا ہے اور صوبے کو یورپ جیسا صاف ستھرا بنانے کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے