پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے بڑا ٹاسک دے دیا
- 04, دسمبر , 2024

نیوز ٹوڈے : سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج اہل خانہ نے مجھے اسلام آباد قتل عام کی مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا، کیسے ہمارے پرامن مظاہرین پر براہ راست گولیاں چلائی گئیں اور آئین و قانون کی بات کرنے والے درجنوں نہتے شہریوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کیا گیا۔ اب تک 12 شہداء کی تفصیلات سامنے آ چکی ہیں۔ یہ بربریت پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے آفیشل 'ایکس' اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی جس میں انہوں نے صحافیوں اور وکلا سے گفتگو کی۔ پی ٹی آئی کے بانی نے کہا کہ یحییٰ خان پارٹ ٹو نے خود کو ملک پر مسلط کر دیا ہے۔ میں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر مسلح اور پرامن شہریوں کے قتل عام کی تحقیقات کے لیے ایک غیر جانبدار عدالتی کمیشن بنایا جائے اور قتل عام کا حکم دینے والے عناصر اور اس میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
میں اس معاملے پر مزید مشاورت کر رہا ہوں اور تفصیلات جمع کر رہا ہوں۔ ہم اس معاملے کو ایسے نہیں چھوڑیں گے۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اس طرح کا خوف پیدا کرنے سے عوام خاموش ہو جائیں گے تو یہ اس کا فریب ہے۔ ہم اس ظلم کے خلاف تمام عالمی فورمز پر آواز اٹھائیں گے۔ میں نے پی ٹی آئی کی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ شہباز شریف اور محسن نقوی سمیت ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
میں نے بشریٰ بی بی کو ہدایت کی تھی کہ احتجاج کو اسلام آباد کیسے لے جانا ہے۔ اس نے وہی کیا جو میں نے کہا۔ پی ٹی آئی کے عہدیداران اور کارکنان متحد اور منظم ہو کر ملک پر مسلط مافیا کے خلاف حقیقی آزادی کے لیے اپنی جدوجہد کے اگلے مرحلے کی تیاری کریں۔ یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔

تبصرے