اچھی پالیسیوں اور بروقت فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف
- 05, دسمبر , 2024
.webp)
نیوز ٹوڈے : سعودی عرب کے 27 گھنٹے کے دورے سے واپسی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف بغیر آرام کیے ایف بی آر کے جائزہ اجلاس میں پہنچ گئے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ شوگر انڈسٹری کے ویڈیو اینالیٹکس کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھوٹے کاروباروں کی ڈیجیٹل انوائسنگ کے لیے موبائل فون ایپلی کیشن رواں ماہ کے آخر تک شروع کر دی جائے گی۔اس موقع پر وزیراعظم نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کا کام 31 دسمبر 2024 تک مکمل کرنے اور سیمنٹ انڈسٹری کے ویڈیو اینالیٹکس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں اہم سنگ میل ہے، اچھی پالیسیوں اور بروقت فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ریاض میں ون واٹر سمٹ کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری سے متعلق تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ون واٹر سمٹ میں شرکت کی اور اس سے خطاب بھی کیا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آبی وسائل کو محفوظ بنانے کے لیے اہم اقدامات کرنا ہوں گے، پانی ہمارے سیارے کی لائف لائن، معیشت اور غذائی تحفظ کا اہم ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ چیلنجز نئے نہیں ہیں، ہم 2022 کے سیلاب سے اس سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے پاکستان اور فرانس کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

تبصرے