شیر افضل مروت نے دوبارہ احتجاج کا عندیہ دے دیا
- 05, دسمبر , 2024
.webp)
نیوز ٹوڈے : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ہم جنوری میں دوبارہ احتجاج کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ میں اس نیوز چینل کو سراہتا ہوں جس نے پہلی بار آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ ہم آپ کو مزید چار لوگوں کی تفصیلات دے سکتے ہیں۔ 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نئی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے علاوہ اسلام آباد پولیس کے کچھ ایس ایچ اوز اور دیگر افسران کے خلاف شواہد اکٹھے کیے جائیں گے اور دفعہ 302 کے تحت فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا۔ تمام مقتولین کا الگ الگ مقدمہ انہی ملزمان کے خلاف درج کیا جائے گا جو ان کے قتل کے ذمہ دار تھے۔ اسی طرح زخمیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ ایف آئی آر حکومت کے ہاتھ میں ہے اور وہ پہلے ہی ان کیسز میں ایف آئی آر درج کر چکے ہیں۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ کسی واقعے کا کوئی بھی ورژن ہو، چاہے وہ غلط ہو یا صحیح، اگر ایف آئی آر درج کی جاتی ہے تو اسی واقعے کی دوسری ایف آئی آر درج نہیں کی جا سکتی۔ لہذا، ہمارے پاس متبادل حل ضابطہ فوجداری کی دفعہ 200 کے تحت ہے۔ یہ ایک بہت مضبوط حل ہے۔ جس طرح ایف آئی آر کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف مقدمہ چلایا جاتا ہے، اسی طرح پرائیویٹ پراسیکیوشن میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔ اس لیے ہم سب کچھ طے کر کے جلد عدالت سے رجوع کریں گے۔

تبصرے