سیمنٹ کی فروخت کے حوالے سے اچھی خبر
- 05, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : نومبر 2024 کے دوران مقامی سیمنٹ کی ترسیل میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔سیمنٹ انڈسٹری نے مقامی ڈیمانڈ بڑھانے کے لیے ٹیکس اور ڈیوٹیز میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق نومبر 2024 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 5.58 فیصد کا اضافہ ہوا، سیمنٹ کی کل فروخت 40 لاکھ ٹن سے زائد رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں یہ 3.92 ملین ٹن تھی۔ نومبر میں مقامی سیمنٹ کی فروخت 2.39 فیصد بڑھ کر 3.342 ملین ٹن ہو گئی۔
نومبر میں برآمدات 662,374 ٹن سے 21.27 فیصد بڑھ کر 883,252 ٹن ہوگئیں۔ نومبر 2024 میں شمالی علاقے میں سیمنٹ فیکٹریوں نے 2.925 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کیا جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے۔ جنوبی علاقوں میں سیمنٹ فیکٹریوں نے نومبر میں 1.22 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کیا۔ پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ سیمنٹ کی فروخت خصوصاً مقامی مانگ میں اضافے کے لیے ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی ضروری ہے۔
تبصرے