فہد مصطفیٰ نے پہلے مسلمان مرد سپر ہیرو کردار پر فلم بنانے کا اعلان کر دیا
- 06, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : حال ہی میں مقبول ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ سے چھوٹی اسکرین پر واپسی کرنے والے اداکار فہد مصطفیٰ نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی نہ صرف پاکستان بلکہ پہلے مسلمان مرد سپر ہیرو پر بھی فلم بنائی جائے گی۔
فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے دیے گئے دو ایوارڈز کی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پہلی پاکستانی سپر ہیرو فلم کے بارے میں بات کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستان میں بھارتی فلمیں دیکھی جاتی ہیں اسی طرح پاکستانی ڈرامے بھی دیکھے جاتے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ اگر پاکستانی فلمیں بھارت میں بھی ریلیز ہوں تو وہاں کے لوگ پاکستانی فلمیں شوق سے دیکھیں گے لیکن بدقسمتی سے وہاں پاکستانی فلمیں ریلیز نہیں ہوتیں اس لیے وہاں کے لوگ پاکستانی فلموں کے بارے میں نہیں جانتے۔
فہد مصطفیٰ نے دعویٰ کیا کہ ’کبھی میں کبھی تم‘ کی کامیابی کے بعد بھارتی شائقین نے بھی یوٹیوب پر ان کی فلمیں دیکھیں اور بھارتی ناظرین نے دیگر ویب سائٹس پر بھی ان کی فلمیں تلاش کیں اور ان کی اداکاری کو سراہا۔
ایوارڈ تقریب میں ایک سوال کے جواب میں فہد مصطفیٰ نے کہا کہ وہ جلد ہی پہلے مسلمان مرد سپر ہیرو کے کردار پر فلم بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ فلم نہ صرف پہلی پاکستانی سپر ہیرو فلم ہوگی بلکہ یہ پہلی فلم ہوگی جس میں پہلے مسلمان مرد سپر ہیرو کا کردار بھی دکھایا گیا ہے۔
فہد مصطفیٰ نے کہا کہ وہ اس وقت مذکورہ فلم کے بارے میں مزید معلومات نہیں دے سکتے تاہم جلد ہی ناظرین کو پہلی پاکستانی سپر ہیرو مسلم کردار فلم دیکھنے کو ملے گی۔فہد مصطفیٰ نے یہ واضح نہیں کیا کہ مذکورہ فلم کی شوٹنگ کب شروع ہوگی اور فلم میں ہیرو کا کردار کون ادا کرے گا اور اس کی ہدایت کاری کون کرے گا۔
تاہم یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ فہد مصطفیٰ خود اس فلم کو پروڈیوس کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں کردار بھی ادا کریں گے۔ تاہم عین ممکن ہے کہ سپر ہیرو کا کردار کسی اور اداکار کو دیا جائے تاہم اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
تبصرے