دل سے پاکستانی ہوں، پاکستانی برانڈز استعمال کرتی ہوں، مریم نواز

مریم نواز

نیوز ٹوڈے :    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چین اسٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ’شاپنگ فیسٹیول‘ کے انعقاد کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔لاہور میں چین اسٹورز کے اشتراک سے پہلا شاپنگ فیسٹیول منعقد کیا جائے گا۔ چین سٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو تجاویز اور سفارشات سے آگاہ کیا اور سٹورز کے اوقات کار کا سالانہ کیلنڈر بنانے کی تجویز دی۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو کو نئے انداز میں دوبارہ شروع کرنے جا رہے ہیں، تاجر برادری کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، کاروبار کے فروغ کے لیے قابل عمل تجاویز پر ضرور عمل کیا جائے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ میں دل سے پاکستانی ہوں اور پاکستانی برانڈز استعمال کرتی ہوں، معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کاروبار دوست پالیسی بہت ضروری ہے، میرا مشن پنجاب کو تجارت اور صنعت کا مرکز بنانا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے صحت کے نظام میں بنیادی اصلاحات کے لیے جامع پلان طلب کیا تھا اور 10 روز میں قلیل مدتی، درمیانی مدت اور طویل مدتی اصلاحات پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مریم نواز کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں مفت ادویات کی فراہمی، ویئر ہاؤس پراجیکٹ، پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وزارتی کمیٹی قائم کی گئی۔ 

وزیراعلیٰ نے صحت کے لیے درکار فنڈز فوری جاری کرنے اور بچوں کے دل کی سرجری کے لیے بیرون ملک سے سرجنز کو بلانے کے اقدامات کی ہدایت کی تھی جب کہ بچوں کے دل کی سرجری کے لیے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی تعداد بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے ہدایت کی تھی کہ ادویات ہر صورت میں مریضوں کے گھروں تک پہنچائی جائیں، مفت ادویات گھر گھر پہنچانے پر کورئیر کمپنی کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور ہر بی ایچ یو میں ڈاکٹروں کی 100 فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+