پنجاب میں چینی روبوٹک زراعت کو فروغ ملے گا:مریم نواز

زرعی ٹیکنالوجی

نیوز ٹوڈے :    چین کی ایک کمپنی نے پنجاب میں روبوٹک زرعی آلات کے لیے مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا اعلان کیا، جو صوبے میں جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔اس بات کا اعلان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ چین کے دوران کیا گیا۔ ان کے دورے کے پہلے دن پنجاب کے محکمہ زراعت اور چین کی اے آئی فورس ٹیک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

مریم نواز نے ایم او یو پر دستخط ہوتے ہوئے دیکھا اور روبوٹک پلانٹ کے قیام کے لیے اپنی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا پنجاب میں کسانوں کی خوشحالی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے اے آئی فورس ٹیک کے بانی ڈاکٹر ہان اور کمپنی کے سی ای او سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کمپنی کو حکومت پنجاب کی طرف سے زراعت کے شعبے میں جدید روبوٹک مشینری اور اوزار متعارف کرانے کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی دعوت پر چین کے 8 روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔

مریم نواز کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ 8 سے 15 دسمبر تک بیجنگ، شنگھائی، شینزین اور گوانگ زو کا دورہ کریں گی۔مریم نواز پہلی پاکستانی خاتون وزیر اعلیٰ ہیں جنہوں نے چین کا سرکاری دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز مختلف ملاقاتوں، تقریبات اور کانفرنسوں میں شرکت کریں گی جن کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور گورننس، زراعت، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں تعاون کے مواقع تلاش کرنا ہے۔

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+