پنجاب میں سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف درخواستیں خارج
- 18, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف دائر درخواستیں خارج کر دیں۔جسٹس شاہد کریم نے لاہور ہائی کورٹ میں سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف اعتزاز احسن اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، اس دوران درخواست گزار اور حکومتی وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت کا سرکاری سکولوں کی نجکاری کا اقدام خلاف قانون ہے، سکولز پرائیویٹ ہو گئے تو فیسیں بڑھ جائیں گی۔درخواست گزار نے اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے فیصلے کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کے بچے سرکاری اسکولوں میں بنیادی تعلیم سے محروم رہیں گے۔
اس موقع پر حکومتی وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بند سرکاری اسکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے آؤٹ سورس کیا جارہا ہے، آؤٹ سورس اسکول بھی پنجاب حکومت کے ماتحت رہیں گے۔
بعد ازاں عدالت نے سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں۔
تبصرے