ملکی معیشت پر کاروباری اعتماد بڑھ رہا ہے: وزیر خزانہ
- 19, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت پر کاروباری طبقے کا اعتماد بڑھ رہا ہے، رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر 35 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم جلد زرمبادلہ کے ذخائر کو تین ماہ کی برآمدات کے برابر لے جائیں گے، میکرو اکنامک استحکام کا اثر جلد حقیقی معیشت میں نظر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس دس سال کی بلند ترین سطح پر ہے اور مہنگائی چھ سال کی کم ترین سطح پر ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خوراک کی قیمتوں میں اضافے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، عالمی مارکیٹ میں چکن اور دالوں کی قیمتوں میں کمی اور ایندھن سستا ہونے کے باوجود ملک میں دالیں مہنگی ہو رہی ہیں، اور اس مہنگائی کے ذمہ دار مڈل مین ہیں۔
دوسری جانب اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے عوام کو ریلیف ملا، آٹا، مرچ، ڈیزل، پیٹرول، دالیں، پیاز، چینی سمیت کئی اشیا سستی ہوگئیں۔
وزارت خزانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ معاشی استحکام برقرار رکھنے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے، زراعت، مینوفیکچرنگ اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے گا۔
تبصرے