ڈھاکہ: راحت فتح علی خان نے اپنی آواز کا جادو جگا کر بنگلہ دیشیوں کے دل جیت لیے
- 23, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے ڈھاکہ کے آرمی اسٹیڈیم میں ’ایکو آف ریولوشن‘ کنسرٹ میں پرفارم کرکے بنگلہ دیش میں پاکستانی موسیقی کا جادو جگایا۔ راحت فتح علی خان اور ان کی ٹیم نے ڈھاکہ میں منعقدہ کنسرٹ میں بغیر معاوضے کے پرفارم کیا اور منتظمین سے ٹکٹوں کی فروخت سے کوئی منافع لینے سے گریز کیا۔
کنسرٹ میں راحت فتح علی خان کے علاوہ مشہور مقامی بینڈز آرٹ سیل، چرکت، آفٹرماتھ اور سلسلہ نے بھی پرفارم کیا جب کہ ریپ آرٹسٹ شیزان اور حنان نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
ڈھاکہ میں کنسرٹ کا اہتمام کرنے والی تنظیم ’اسپرٹس آف جولائی‘ نے کہا کہ کنسرٹ کا مقصد رواں برس جولائی اگست میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ کی مدد کرنا تھا۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ تقریب سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی شہداء میموریل فاؤنڈیشن کو عطیہ کی جائے گی، یہ ایک فلاحی ادارہ ہے جو متاثرہ خاندانوں کے لیے کام کرتا ہے۔ایک پریس ریلیز میں منتظمین نے کہا کہ بنگلہ دیش کے انقلاب میں طلبہ کے نمایاں کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ٹکٹ خریدنے والے طلبہ کو 16 فیصد سے 36 فیصد تک خصوصی رعایت دی گئی۔
کنسرٹ کے ٹکٹوں کو تین درجوں میں تقسیم کیا گیا تھا: اسٹیج کے قریب ایک خصوصی نشست کے لیے VIP ٹکٹوں کی قیمت 10,000 بنگلہ دیشی ٹکے، اگلی قطار کے ٹکٹ کی قیمت 45,000 بنگلہ دیشی ٹکے، اور عام کنسرٹ کے ٹکٹ کی قیمت 2,500 بنگلہ دیشی ٹکے ہے۔
VIP ٹکٹ خریدنے والے طلباء کے لیے 16% رعایت کے بعد، ٹکٹ کی قیمت 8,400 بنگالی ٹکا تھی۔ پہلی قطار کے ٹکٹ پر 24% رعایت کے بعد، 3,420 بنگالی ٹکا کی قیمت وصول کی گئی۔ 36% ڈسکاؤنٹ کے بعد، جنرل ٹکٹ پر صرف 1,600 بنگالی ٹکا وصول کیا گیا۔
ٹکٹ کی خریداری کے لیے ڈھاکہ کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں خصوصی بوتھ بنائے گئے تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم نے بنگلہ دیش میں منعقدہ ’میجیکل نائٹ 2.0‘ میں اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔
ڈھاکہ کے آرمی سٹیڈیم میں ہونے والے کنسرٹ میں عاطف اسلم نے مقررہ وقت سے 2 گھنٹے زیادہ پرفارم کر کے حاضرین کے دل موہ لیے۔پرفارمنس کے دوران عاطف اسلم نے اپنے مداحوں سے بات چیت بھی کی، اس موقع پر انہوں نے پوسٹرز، تصاویر اور ٹی شرٹس پر دستخط کیے۔
تبصرے