علی امین نے حکومت سے مذاکرات میں شرکت سے انکار کردیا
- 23, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : اپوزیشن اور حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد رہنماؤں نے مشاورت کے باوجود مذاکرات میں حصہ نہیں لیا۔مذاکراتی ٹیم میں پی ٹی آئی کے پانچ میں سے چار ارکان غیر حاضر رہے، سلمان اکرم راجہ، علی امین گنڈا پور اور عمر ایوب مذاکرات میں شامل نہیں ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر ایوب کو پارٹی رہنماؤں نے مذاکرات میں شامل ہونے کا کہا، علی امین گنڈا پور کو بھی پارٹی رہنماؤں نے مذاکرات میں حصہ لینے کا کہا، تاہم علی امین گنڈا پور نے مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا۔
سلمان اکرم راجہ نے بیرسٹر گوہر سے مذاکرات پر مشاورت کی، بیرسٹر گوہر سے مشاورت کے بعد سلمان اکرم راجہ نے مذاکرات میں شرکت سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات میں صرف اسد قیصر نے حصہ لیا، علی امین گنڈا پور حکومت سے مذاکرات کے حق میں نہیں۔
اپوزیشن اتحاد کی جانب سے حامد رضا اور علامہ راجہ ناصر عباس نے اجلاس میں شرکت کی۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز بھی اپوزیشن سے رابطوں کے معاملے پر پارٹی رہنماؤں میں شدید تناؤ تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ آج اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات ہوئے اور وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کابینہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب پشاور کی عدالتوں میں پیشی کے باعث نہیں آسکے، حامد خان دورہ بنگلہ دیش کی وجہ سے حاضر نہیں ہوئے اور سلمان اکرم راجہ لاہور میں عدالتی مصروفیات کے باعث حاضر نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان مصروفیات کے باعث مذاکرات میں شریک نہیں ہوسکے، پی ٹی آئی کے کسی رکن نے مذاکرات میں شرکت سے انکار نہیں کیا۔واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کی۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور کمیٹی کا اگلا اجلاس 2 جنوری کو بلانے پر اتفاق کیا گیا۔
تبصرے