سورج ترقی اور خوشحالی کے وعدے کے ساتھ طلوع ہو: وزیراعظم کی نئے سال پر قوم کو مبارکباد
- 01, جنوری , 2025
.webp)
نیوز ٹوڈے : وزیراعظم شہباز شریف نے نئے سال کے آغاز پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے کہ 2025 کا سورج ترقی اور خوشحالی کے وعدے کے ساتھ طلوع ہو۔
2025 کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دعا ہے کہ نئے سال میں ہم انفرادی اور اجتماعی غلطیوں کو سدھار کر نئی شروعات کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2024 میں دنیا کو معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا تھا۔ وہ نئے سال میں ان بحرانوں پر قابو پانے کے لیے مثبت پیش رفت کے لیے دعا گو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کے دوران ہمارے معاشی اشاریے بہتر ہوئے، بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا، دوست اور برادر ممالک کے ساتھ اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے، 2024 میں معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن پر کام شروع ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم 2025 میں داخل ہو رہے ہیں اور معیشت کو خود انحصاری کی پٹڑی پر ڈال دیا ہے۔ آج، ہم ایک مستحکم، روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سال 2024 فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے حوالے سے بدترین سال تھا۔ قابض اسرائیلی فوج نے ظلم کی وہ داستانیں رقم کیں جن کی حالیہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی، جب کہ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے مظلوم بہن بھائی بھارتی قابض افواج کے ظلم و بربریت کا نشانہ بنے۔ امید ہے کہ 2025 میں فلسطین اور مقبوضہ کشمیر اپنی جدوجہد آزادی میں کامیاب ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دعا ہے کہ 2025 کا سورج ترقی اور خوشحالی کے وعدے کے ساتھ طلوع ہو۔

تبصرے