کرم معاملے پر گرینڈ جرگہ میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیئے
- 01, جنوری , 2025

نیوز ٹوڈ ے : کرم معاملے پر کوہاٹ گرینڈ جرگہ میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیئے۔کوہاٹ میں ضلع کرم کی صورتحال پر جاری گرینڈ جرگہ اختتام پذیر ہوگیا اور فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کردیے۔
جرگہ کے رکن ملک صواب خان نے امن معاہدے پر دستخط ہونے کی تصدیق کی ہے، فریقین کی جانب سے 45 افراد نے دستخط کیے، فریقین نے 14 نکاتی معاہدے پر اتفاق کیا ہے، معاہدے کے تحت فریقین کے درمیان جنگ بندی کا فیصلہ کیا گیا ہے، فریقین مورچے ختم کر دیں گے اور ہتھیار پھینک دیں گے۔
جرگہ رکن کا کہنا ہے کہ راستے کھولنے اور امن قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حکومت کے حوالے کیا جائے گا، امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کریں گے۔
معاہدے کے تحت نقصانات کی تلافی کی جائے گی اور بڑے ہتھیار حکومت کے حوالے کیے جائیں گے اور فریقین کے بنائے ہوئے محاذوں کو ختم کر دیا جائے گا۔کمشنر کوہاٹ کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان کرم مذاکرات کامیاب ہوگئے، تین دستخط باقی ہیں، باقی پر دستخط ہوچکے ہیں۔

تبصرے